Wednesday, June 24, 2009

کریلہ اور کترینہ کیف


آج میں ایسا کچھ نہیں لکھ رہی جس میں کوئ مقصد ہو سوائے کچھ لوگوں کی دل پشوری کے۔ خاص طور پر انکے لئے جو کریلہ کھانا سخت نا پسند کرتے ہیں۔ کریلہ پکانے کی یہ تر کیب اگرچہ ایک ماہر امور خانہ داری خاتون سے متائثر ہو کر بنائ گئ ہے۔ جی، یہ وہی خاتون ہیں جو ٹی وی پہ کھانا پکانے کا پروگرام کرتے ہوئے اپنی جوانی کی تصویر اپنے کچن میں لگا کر رکھتی ہیں۔


گھبرا ئیے نہیں، اگر آپ میں سے کچھ لوگ عین عالم شباب میں بھی بڑھاپے کی تصویر نظر

آتے ہیں۔ تو ان پر واضح ہو کہ اس تر کیب کے لئے جوانی کی تصویر کچھ ضروری نہیں۔ دل چاہ رہا ہو تو کسی اور کی جوانی کی تصویر لگا لیں۔ اور اگر کوئ نہ ملے تو پھر ظالمانہ حد تک خوبصورت لگنے والی خاتون کی تصویر لگا لیں۔ سنا ہے آجکل یہ اعزاز کترینہ کیف کو ملو ہوا ہے۔ لیکن میں یہ بھی آپکی پسند
پہ چھوڑتی ہوں۔ جو بھی ظالمانہ حد تک خوبصورت لگتا ہو چاہے زرداری ہی کیوں نہ ہو ۔
اس سے اس ڈش کے ذائقے پر کوئ فرق نہیں پڑے گا۔

ہماری یہ خاتون ہر ڈش کے اندر کہیں نا کہیں چکن ضرور استعمال کرتی ہیں۔ اگر وہ زردہ بناتی ہیں
تو بھی کسی نہ کسی ککڑ کا آس پاس ہونا ضروری ہوتا ہے۔ تاکہ اس کی ککڑوں کوں اس میں
وقفے وقفے سے شامل ہوتی رہے۔ اور دسترخوان پہ بیٹھ کر آپ یہ کہہ سکیں کہ گھٹ گئ مرغی، بڑھ گیا سالن۔ وجہ صاف ظاہر ہے پانی سے۔ یہاں میں آپ کو مرغیوں کے بھاءو، اور ہمارے محبوب صدر
کےبیرونی دوروں کے حوالے سے کوئ تعلق نہیں بتانا چاہ رہی۔ ایسا اگر کوئ کرتا ہے تو
وہ اپنی صوابدید پہ کر رہا ہے۔ میرا اس سے کوئ تعلق نہیں ہے۔

اب اگر آپ عاجز آ کر اس پوسٹ کو بند کرنا چاہ رہے ہیں تو بتا دوں کہ ابھی کچھ الفاظ کے بعد آپ کی خدمت میں کریلہ پکانے کی ایک ایسی ترکیب پیش کی جارہی ہے۔جو ملک کے کچھ غیر متوقع سائنسدانوں نے چوری چھپے سوچی۔ فنڈز کی کمی کی بناء پر اس کو فوری طور پر آزمایا نہیں گیا۔ لیکن جب تک فنڈز ملنا شروع ہوئے یعنی ان میں سے کچھ لوگوں کی شادی ہو گئ تو پتہ یہ چلا کہ نئ اینٹریز کریلوں کو ارتقاء کے راستے میں پیدا ہونے والی کڑواہٹ سمجھتے ہیں اور اسے دیکھنے کے بھی روادار نہیں چہ جائیکہ پکانے کے۔ اس سے آپ یہ نہ سمجھیں کہ اب میں آپ سے کریلوں کی فلا ح و بہبود کے لئے چندہ مانگنے والی ہوں۔ اس سے مقصود صرف اتنا تھا کہ آپ کو پتہ رہے کہ یہ ترکیب اتنی نادر ہے ابھی تک آزمائ بھی نہیں گئ۔ اور اس کے جملہ حقوق بالکل محفوظ نہیں ہیں۔اب آپ مجھے گالیاں دینے والے ہونگے یہ مرحلہ اس ڈش کے لئے بہت ضروری ہے۔ اس سے جو ذائقہ پیدا ہوگا وہی اس کا راز ہے۔

سو،اب میں وہ کرنے جا رہی ہوں جس کے لئے اقبال اپنی زندگی میں اور میری پیدائش سے قبل ہی مجھے لعن طعن کر کے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا اور میں نے سینہ بہ سینہ منتقل ہونے والی اس بات کو انتہائ خنداں پیشانی سے سنا۔

تو نے یہ کیا غضب کیا، اس کو بھی فاش کردیا
یہ ہی تو ایک راز تھا سینہء کائنات میں

تو جناب اس ترکیب کے لئے آپ کو چاہئےایک مرگی یعنی چکن، کہیں مرغی مت لے لیجئے گا۔ ورنہ ساری محنت اکارت جائے گی۔ مزید چیزوں میں ایک مکھن کی ٹکیہ اور ایک کنور کیوب۔ مکھن جتنا زیادہ ہو اتنا اچھا ہے۔ اس کے زیادہ استعمال سے طبقہء اشرافیہ سے آپکے اٹوٹ رشتوں کا پتہ چلتا ہے۔ نہیں نہیں اس کا مشرف سے کوئ تعلق نہیں۔ نہ ہی آپکے چوکیدار اشرف سے۔ کیا کہا، کریلہ کہاں ہے۔ اوہ ہاں ، ایک عدد کریلہ بھی لے لیں۔ اگر نہیں ملے تو تصویر سے بھی کام چلے گا لیکن کریلے کی۔ ظالمانہ حد تک خوبصورت لگنے والی خاتون کی تصویر آپ کے لئے ہے۔ مر گی یا مکھن کو اس سے کوئ دلچسپی نہیں۔ اور صحیح بات تو یہ ہے کہ ان خاتون کو بھی اس سے کوئ دلچسپی نہیں اور ان تینوں کا نام ایک ساتھ ایک جملے میں لینے پر آپ کے خلاف ہتک حسن کا دعوی بھی دائر کیا جا سکتا ہے۔ ڈرئیے نہیں حسین کافی خود بیں و خود آرا ہوتے ہیں اور انہیں پڑھنے کی فرصت نہیں ہوتی پھر بھی حیران کن طور پہ وہ پڑھاتے اچھا ہیں۔

اب ہم واپس چکن کی طرف آتے ہیں۔اگر آپ نے ذبح کی ہوئ مرگی لی ہے تو وہ اب تک اپنی جگہ پر ہوگی ورنہ دوسری صورت میں آپ کو ایک عدد اور چاہئیے ہوگی۔ مرگی، کترینہ نہیں۔ وہ صرف ایک ہے اور بھاگ جانے کی صورت میں آپ کو اسکا ککھ بھی نہیں ملے گا۔ اچھا اب کریلے کو اچھی طرح دھولیں۔ چھیلیں خوب اچھی طرح اور پھر دھوئیں۔ اب اس کریلے کو مرگی کے پیٹ کے اندر رکھ دیں۔ زندہ نہیں ذبح کی ہوئ اور صاف کی ہوئ۔ زندہ کے پیٹ میں اس کا انڈہ ہو گا جس سے اور مرگیاں بنیں گی اور آلائیشیں اندر سے صاف نہ کی جائیں تو کچھ لوگوں کو زیادہ کیا بالکل مزہ نہیں آتا۔ ویسے یہ آپکی پسند پہ ہے۔۔ اب اس کے ساتھ تھوڑا سا مکھن اور کنور کی ٹکیہ بھی رکھدیں۔ مرگی کے باہر اچھی طرح مکھن لگائیں۔ یہاں تک کہ سارا مکھن ختم یعنی خلاص ہو جائے۔ ورنہ یہ بچا ہوا مکھن کسی اور کے لگانے کے کام آئیگا۔ اور مرگئیوں کو یہ بات کچھ خاص پسند نہیں۔

اب اسے دھیمی آنچ پہ ایک منٹ پکائیں۔ اگر اس سلسلے میں اسٹاپ واچ استعمال کریں تو بہتر ہے۔ ورنہ ساٹھ تک گنتی گن لینا کافی ہے۔ اب ڈھکن کھولیں اور کریلے کو نکال کر باہر پھینک دیں۔ اس کی ساری غذائیت مرگی میں منتقل ہو چکی ہے۔ اب اس کی ضرورت نہیں۔ مرگی کو مکھن میں اچھی طرح تل لیں۔ اس مرحلے پہ آپ کو چلو بھر پانی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ لاہور میں رہائش پذیر بھاگ کر نہر سے لے آئیں۔ کراچی والے سرکاری نل کی ہوا پہ گذارا کریں۔ سمندر کے پانی میں نمک زیادہ ہوتا ہے اس سے مرگی کا بلڈ پریشر ہائ ہوسکتا ہے۔ خیال رہےاس پانی میں آپ کو ڈوبنا نہیں ہے اور نہ ہی کسی کترینہ کو پلانا ہے وہ منرل واٹر پیتی ہے۔ اس سے صرف تلنے کے دوران مرگی کو چھینٹا دینا ہے۔ اس طرح آپ کو پتہ چلے گاکہ یہ دھواں سا کہاں سے اٹھتا ہے۔ اگلے مرحلے میں جتنے مصالحہ جات کے نام آپ کو آتے ہیں اس میں ڈالدیں۔ کلچہ نان کے ساتھ جو موجاں ہونگیں۔ وہ تو آپ اور نان ہی جان سکتے ہیں۔ کیا کہا کریلے کا کیا ہوا۔ کریلوں کی فکر کرنے کی کوئ ضرورت نہیں۔ یہ تعصب کہلاتا ہے۔ انہیں اپنی بقاء کی جنگ خود لڑنے دیں۔ ورنہ پڑا سڑنے دیں۔ اہل پنجاب کی وضاحت کے لئیے سڑنے کے معنی یہاں بمطابق اردو ہیں۔ مزید معلومات کے لئے اگر ناگوار خاطر نہ گذرے تو کسی کراچی والے سے پوچھ لیں۔ زیادہ دل نہ جلائیے گا۔ یہی تو ایک چیز ہے سینہء کائنات میں۔

نوٹ: کریلوں کی بقاء کی فکر میں گھلنے والے اس مضمون کی کاپی کرواکے جہاں دل چاہے بھجوا دیں۔ وہ یعنی کریلے ارتقاء کے عمل میں کہیں بھی کوئ رخنہ پیدا کرنے کے قابل نہیں۔

ریفرنس؛


18 comments:

  1. کچھ نہ سمجھے خدا کرے کوئی

    ReplyDelete
  2. This i really nice info,
    I appreciate the skills of writing you share with us,Thanks for sharing such a nice article in Urdu.

    Best Regards,
    Mazhar Shah

    ReplyDelete
  3. کریلے کترینا کیف نے پکائے ہوں تو کیا ہی کیف ہو۔
    ماشاءاللہ بہت خوبصورت بلاگ لکھ رہی ہیں آپ، لاجواب اور خوشی ہوئی ایک اور اچھے لکھاری کو بلاگرز کی صف میں دیکھ کر
    اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ

    ReplyDelete
  4. کریلے کا بیڑہ غرق کر دیا آپ نے ۔ اس سے تو بہتر تھا کہ کریلے کو نیم پر چڑھا دیتیں

    ReplyDelete
  5. آپ سب کا بے حد شکریہ۔

    ReplyDelete
  6. :grin: :grin: :grin:
    آج کے دن کی پہلی مسکراہٹ ۔۔۔
    کیا بات ہے جی آپ کی۔۔۔۔
    وارث صاحب بھی دیکھئے ہماری طرح کترینہ کے کیف میں مبتلا ہیں۔۔۔
    بہت دن کے بعد کسی تحریر نے اتنا مزا دیا۔۔۔
    بہت ہی عمدہ۔۔۔

    ReplyDelete
  7. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  8. شاید یہ تحریر منہ کا ذائقہ بدلنے کے لئے لکھی گئی ہے ، لیکن اندیشہ ہے کہ کریلوں کی اتنی زیادہ تکرار سے منہ میں تلخیاں ہی نہ گھل جائیں۔

    پھر بھی اچھی بات ہے ایسا بھی ہونا چاہیے۔

    یعنی

    "کبھی کبھی بس کیچپ ہی۔۔۔ " :)

    ReplyDelete
  9. Aap ki tehreer waqai tareef ke laiq hai par Zardari ka naam le ker aap ne kareley wali dish ko kuch bad zaiqa sa bana diya. kash aap aisa na karti :(

    ReplyDelete
  10. کافی عرصے سے گھر بیٹھے پیسے بنانے کے طریقے سوچ رہی ہوں۔ اب دو چیزیں تو سامنے آئیں۔ ایک ٹوتھ پیسٹ کا اشتہار تیار کر لوں اور دوسرے ایسا کیچپ جو کبھی استعمال ہو لیکن بس پھر وہی ہو۔ شکریہ جعفر، بنیادی تحریک تو آپ سے حاسل کی تھی۔ اور یہ اتنی شدید تھی کہ بیس منٹ میں سب کچھ لکھ گیا۔
    بلو، محمد احمد سے معذرت کے ساتھ یہ صرف یہ بتانے کے لئے تھا کہ اور بھی تلخیاں ہیں زمانے میں کریلوں کے سوا۔

    ReplyDelete
  11. بھوپال صاحب یہ بات وضاحت طلب ہے کہ آپ کو کریلے اور کترینہ کا کومبینیشن پسند نہیں آیا، یا کریلے اور چکن کا۔ اگر آپ کو چکن پسند نہیں تو کسی بھی قسم کا گوشت استعمال کرلیں۔ لیکن جعفر کی وجہ سے مجبوری یہ ہے کہ کترینہ کا کوئ متبادل نہیں۔

    ReplyDelete
  12. وکیل صاحب، یہ بس کریلہ پکانے کی ایک ترکیب ہے۔ قسم لے لیں جو میں نے کچھ کہنے کی کوشش کی ہو۔ اگر آپ کو یا کسی کو بھی کچھ اور سمجھ میں آرہا ہے تو مجھ معصوم سے نہ پوچھیں خود ہی تفکر کرتے رہیں۔ خدا بہتر کریگا۔

    ReplyDelete
  13. مگر کریلے خون کی صفائی کے بھی تو کام آتے ہیں:)
    اور اگر کریلے سمندر کے پانی سے ہی اگے ہوں تو؟

    ReplyDelete
  14. بی بی ۔ کریلے گوشت میں پکے ہوں یا قیمے میں پسند ہیں بشرطیکہ اچھے پکے ہوں ۔ مرغی مجھے اکلوتی ہی اچھی لگتی ہے ۔ رہی کترینہ یا قطرینہ تو میں اس قسم کی کسی چیز کو نہیں جانتا ۔

    ReplyDelete
  15. جی عبداللہ صاحب، اگر کریلے سمندر کے پانی میں اگے ہوں تو انہیں کریلہ نہین سی ارچن کہتے ہیں۔ اسکے پکانے کی ایک الگ ترکیب ہے اور ہماری امور خانہداری کی ماہر خاتون سی فوڈ نہیں پکاتیں۔ اس میں سے سمندر کی بو آتی ہے :(.
    جعفر ذرا، بھوپال صاحب کا تعارف کرادیجئیے کترینہ سے۔ وہ آپ کے زیادہ قریب ہیں :)۔

    ReplyDelete
  16. very funny article. But more than commenting on this article, I just want to tell men in general that the term 'Bi bi' sucks, it sounds awful and insulting and shows that the person doesn't know how to address women. There is a clear difference when it's used in respect, sarcasm and just out of habit. And apart from the first thing, at everypther place, it sounds extremely rude.

    ReplyDelete
  17. تو نے یہ کیا غضب کیا، اس کو بھی فاش کردیا
    یہ ہی تو ایک راز تھا سینہء کائنات میں

    یہ شعر درست نہیں لکھا گیا۔ تاہم سیاق و سباق کے مطابق پرفیکٹ ہے :)

    اصل شعر یاد نہیں لیکن اس میں "یہ" کی بجائے "میں" تھا

    ReplyDelete

آپ اپنے تبصرے انگریزی میں بھی لکھ سکتے ہیں۔
جس طرح بلاگر کا تبصرہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اسی طرح تبصرہ نگار کا بھی بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اس لئے اپنے خیال کا اظہار کریں تاکہ ہم تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔
اطمینان رکھیں اگر آپکے تبصرے میں فحش الفاظ یعنی دیسی گالیاں استعمال نہیں کی گئ ہیں تو یہ تبصرہ ضرور شائع ہوگا۔ تبصرہ نہ آنے کی وجہ کوئ ٹیکنیکل خرابی ہوگی۔ وہی تبصرہ دوبارہ بھیجنے کی کوشش کریں۔
شکریہ