Wednesday, June 22, 2011

ٹھرکی

شادی کے پندرہ دن بعد ہم دونوں سیر وتفریح کی غرض سے ترکی روانہ ہوئے۔  ہمارا وہاں قیام پندرہ دن کے لئے تھا۔ اس لئے ایک گائڈڈ ٹور لے لیا جس میں چھ شہر شامل تھے۔ یوں ہم ان پندرہ دنوں میں گھڑی پہ نظر رکھے، بسوں اور ٹور گائیڈز کے پیچھے دوڑتے رہے اور ان شہروں میں جابجا بکھری ہوئ تاریخِ کو ازبر کرتے رہے۔  یہ ہمارا ہنی مون نہیں بلکہ اسٹڈی ٹور ثابت ہوا۔
استنبول پہنچنے کے دوسرے دن جب ہم نیلی مسجد، آیہ صوفیہ اور ٹوپ کاپی کا محل دیکھ کر فارغ ہوئے تو سہ  پہر کو ہم استنبول کے گرانڈ بازار کی طرف نکل گئے۔ یہ سب جگہیں ہماری رہائش گاہ اور ایکدوسرے سے اتنے قریب تھیں کہ ہم پیدل ہی چکر لگا رہے تھے۔
جیسے ہی ہم گرانڈ بازار میں داخل ہونے لگے میرے شوہر صاحب نے کہا کہ آپ ذرا اس گلی کو چیک کریں میں ابھی آتا ہوں۔ میں گلی میں سیدھی چلتی چلی گئ۔ گرانڈ بازار خاصہ بڑا بازار ہے کہا جاتا ہے کہ اس مِں چار ہزار سے زائد دوکانیں ہیں۔ خوبصورتی اس بازار کی یہ ہے کہ ایک چھت تلے دور تک پہلا ہوا ہے اسکی چھت میں گنبد اور محرابیں بنی ہوئ ہیں۔ جن پہ خوبصورت، رنگین نقش و نگار ہیں۔ جو کہ ترک قدیم تعمیری ثقافت کا حصہ ہے۔
صراط مستقیم پہ کوئ زیادہ دور مستقل مزاجی سے چل پائے یہ کم ہوتا ہے۔ راستے کے  موڑ کے اسرار اپنی جانب کھینچ لیتے ہیں۔
میں بھی ایک گلی میں مڑ گئ۔
دوکاندار آوازیں لگا لگا کر اپنی جانب متوجہ کرانا چاہتے تھے۔ لیکن انہیں اندازہ نہیں ہو پا رہا تھا کہ میں ہوں کہاں کی۔ انکی اکثریت نجانے کیوں مجھے عرب سمجھ رہی تھی اور وہ بار بار کہہ رہے تھے اسماء، اسماء۔ جیسے ہمارے یہاں پٹھان ہر نوجوان لڑکی کو شمائلہ کہتے ہیں۔
اسی شور میں ایک دوکاندار نے کہا آر یو فرام پاکستان، کراچی۔ میں خوشی میں رک گئ۔ ترکی میں زبان بڑا مسئلہ ہے۔ یوروپی نقوش رکھنے والے ترک انگریزی سے تقریباً نابلد ہیں۔ استنبول، ترکی کا ایک بڑا سیاحتی شہر ہے اس سمیت باقی پانچ شہروں میں بھی زبان ایک مسئلہ رہی۔ خریداری کے لئے کیلکولیٹر استعمال ہوتا ہے۔ بیشتر لوگ انگریزی گنتی بھی نہیں جانتے۔ یہ دوکاندار دو تین دفعہ کراچی آ چکا تھا۔ اس نے ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں جو بتایا وہ یہ تھا کہ وہ کراچی سے قالین لا کر یہاں بیچتا ہے۔ اسکے علاوہ زینب مارکیٹ ، کراچی سے چیزیں لے کر آتا ہے اس سے انہیں بڑی آمدنی ہوتی ہے۔
خیر جناب، اس دوکاندار سے باتیں بگھارنے کے بعد جب میں پلٹی تو وہی ہوا ، جسکی توقع کی جانی چاہئیے تھی۔ میں راستہ بھول چکی تھی۔
کوئ انگریزی نہیں جانتا تھا، زیادہ لوگوں سے راستہ پوچھ کر میں اپنے آپکو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتی تھی اس لئے طے کیا کہ باہر جانے کے لئے کسی ایک سیدھے راستے پہ چلتے چلے جانا چاہئیے۔ ترکیب کامیاب رہی۔ میں بازار سے باہر نکل آئ۔ لیکن یہ وہ دروازہ نہیں تھا جہاں سے اندر داخل ہوئے تھے۔
تھوڑی دور چلنے کے بعد کوشش کی کہ نیلی مسجد کے مینار نظر آجائیں۔ استنبول کی پہچان خوب صورت نیلی مسجد ہے۔ لیکن زمین آسمان کی سرحدیں اس نظارے  سے محروم تھیں۔ یعنی میں خاصی دور نکل آئی تھی۔
اب رسک لینا ہی پڑے گا۔ میں نے ایک جوس کارنر قسم کی دوکان پہ رک کر ایک جوس کا ڈبہ لیا اور اس بہانے دوکاندار سے معلوم کرنے کی کوشش کی کہ نیلی مسجد کس طرف ہے۔ اسے انگریزی بالکل نہیں آتی تھی۔ اس نے ایک اور شخص کی طرف اشارہ کیا۔ وہ بھی اشاروں ہی سے سمجھا ۔ اور پھر اشاروں میں اس نے ایک طرف اشارہ کیا۔ سمجھ میں آئ کہ اس طرف سیدھے چلتے رہنا ہے۔
کوئ دس منٹ چلنے کے بعد نیلی مسجد کے مینار نظر آئے۔ اب میں ہوٹل تک پہنچ سکتی تھی۔ خاصی دیر ہو چکی تھی اور میرا خیال تھا کہ موصوف ہوٹل پہنچ چکے ہونگے۔ ریسیپشن سے معلوم کیا تو پتہ چلا کہ ابھی نہیں آئے۔ چابی میرے پاس نہیں تھی۔ متعلقہ شخص بھی وہاں نہیں تھا۔ میں لابی میں رک گئ۔
وہاں ایک پندرہ سولہ سال کی لڑکی اپنی ماں کے ساتھ موجود تھی۔ ان سے باتیں شروع ہوئیں۔ جب انہیں پتہ چلا کہ میں اپنے شوہر کو گرانڈ بازار میں کھو آئ ہوں تو بے اختیار زور زور سے ہنسنے لگیں۔ پندرہ دن کی دولہن شوہر گم کر کے آرہی ہے۔ ماں اپنی بیٹی کی ایسی ہی باتیں بتانے لگی وہ یہودی النسل خواتین اسرائیل سے گرمیوں کی چھٹیاں  گذارنے آئے ہوئے تھیں۔
پاکستان میں تو ہم نے صرف را کے ایجنٹوں کا نام سنا ہے کبھی کسی یہودی سے ملاقات نہ ہونے پائ۔
تھوڑی دیر میں متعلقہ شخص آیا اور مجھے کمرے تک چھوڑ گیا کہ وہ چابیوں کا نچارج تھا۔
میں جا کر بالکونی میں کھڑی ہو گئ۔ تاکہ شوہر صاحب کو آتے ہوئے دیکھ سکوں۔ عقل مندی کا تقاضہ تھا کہ وہ ہوٹل واپس آئیں۔ نیچے سڑک پہ نظر جمائے جمائے مجھے احساس ہوا کہ ترکی ہمارے ملک سے کس قدر مختلف ہے حالانکہ یہاں کی آبادی کی اکثریت مسلمان ہے۔ سڑک پہ خواتین مغربی مختصرلباس میں گھوم رہی ہیں۔ ایک لڑکی منی اسکرٹ، گہرے گلے اور بغیر آستین کی ٹی شرٹ پہنے اپنے ساتھی مرد کی کمر میں ہاتھ ڈالے جا رہی ہے۔ اسی روڈ پہ ایک لڑکی عبایہ اور اسکارف پہنے اپنے ساتھی مرد کا ہاتھ پکڑے چل رہی ہے جبکہ مرد کا ہاتھ اسکی کمر میں حمائل ہے۔ سر عام اپنی خواتین سے التفات دکھانا چاہے وہ حجاب میں ہوں یا بے حجاب، محرم ہوں یا نامحرم ترکی میں برا نہیں سمجھا جاتا۔ روڈ کے کنارے گھنے درختوں کے نیچے نوجوان جوڑے ایک دوسرے کی بانہوں میں گم ہیں۔ وہ اتنے گم تھے کہ، انکے چہرے نظر نہیں آرہے تھے۔
ایک  گھنے درخت کے نیچے ایک چھوٹا سا ریسٹورنٹ نظر آرہا ہے۔ ایسے رسیٹورنٹ استنبول میں بہت ہیں۔ جن میں اچھی شراب اور جوس سب دستیاب ہیں۔ ارد گرد کی میزوں پہ لوگ اپنے مطلب کے مشروب سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ 
یہ اتنی عجیب جگہ ہے کہ ٹوپ کاپی محل جسے ایک میوزیم میں تبدیل کیا جا چکا ہے۔ اور اسکے ایک حصے میں اسلامی نوادرات کا مجموعہ ہے۔ جس میں رسول پاک کے موئے مبارک سے لیکر وہ قرآن پاک موجود ہے جسکی تلاوت حضرت عثمان وقت شہادت کر رہے تھے۔ اور اس حصے میں احترام کے پیش نظر ہر وقت قرآن پاک کی تلاوت ہوتی رہتی ہے۔ باہر اس سے چند گز کے فاصلے پہ ریسٹورنٹ میں لوگ ترکی کے مشہور ڈونلڈ اور شیش کباب بیئر اور سرخ شراب کے ساتھ بیٹھے کھا رہے ہیں۔ ادھر نیلی مسجد کے اردگرد پھیلے پارک میں نوجوان انگوروں کی بیلوں تلے ایک دوسرے کو فسانہ ء عشق سنانے میں مصروف۔
شاید اسی کے لئے شاعر نے کہا کہ 
بھوں پاس قبلہ ء حاجات چاہئیے
مسجد کے زیر سایہ خرابات چاہئیے
ترکی تو ٹھرکی ہے۔ کسی نے ترکی جانے سے پہلے میرے کان میں سرگوشی کی تھی۔
 یہیں ایسی دوکانیں بھی نظر آتی ہیں جہاں دیواروں پہ اسلامی طغرے نصب ہیں اور جہاں کسی بھی قسم کا نشہ آور مشروب نہیں ملتا۔ اذان تمام مساجد سے ایک وقت میں ہوتی ہے اور اسکا وقت مقرر ہے۔ تمام مساجد میں خواتین کے لئے جگہ موجود ہے۔ تمام مساجد کے ساتھ صاف ستھرے وضو خانے موجود ہیں۔ تمام وضو خانوں کے ساتھ صاف ستھرے بیت الخلاء موجود ہیں۔
چھ مختلف شہروں کو بسوں کے سفر کے ذریعے دیکھا۔ ترکی ایک جدید ترقی یافتہ ملک ہے۔ ترکی ترقی میں کسی مغربی ملک سے کم نہیں۔ سیاحتی نظام اتنا مضبوط ہے کہ کسی جگہ ہمیں ایک منٹ کی بھی دیر نہیں ہوئ۔ کوئ افراتفری نہیں۔ ٹرانسپورٹ انتہائ منظم،  روڈ صاف ستھرے، ہوٹلز صاف ستھرے ، کھانا بہترین، جو انکے ٹور میں موجود ہے وہ سب مہیا ہوگا۔
  سوائے کونیہ کے جہاں مولانا رومی کا احترام بہت زیادہ ہے۔ کسی اور شہر میں سر عام شراب پینے پہ کوئ منادی نہیں۔ اور اناطولیہ کا گائڈ کونیہ کے لوگوں کو منافق کہتا ہے۔ گھروں میں شراب پیتے ہیں باہر نہیں۔
آج مجھے ترکی پھر یاد آیا۔ جب میں دیکھتی ہوں کہ پاکستان کے شدت پسند مذہبی عناصر ترکی کے حالیہ الیکشن میں اسلام پسندوں کی لگاتار تیسری بار کامیاب ہونے کی خوشی کواپنی فتح سمجھتے ہیں ۔
ترکی کی اسلام پسند حکومت اپنے عوام کی مذہبی طرز زندگی پہ زور زبردستی نہیں دکھاتی۔ وہ مسجد کے زیر سایہ خرابات دینے کو معیوب نہیں سمجھتی۔ کیا ایسی اسلام پسندی ہمارے مذہبی حلقوں کے حلق سے نیچے اتر سکتی ہے۔
آئیے دیکھتے ہیں کہ ترکی میں تیسری بار اسلام پسندوں کی آنے والی حکومت کا منشور کیا ہے۔
جسٹس پارٹی کے طیب اردگان ،  ترکی کے موجودہ وزیر اعظم اپنا ویژن ۲۰۲۳پیش کرتے ہیں۔ 
اس کے تحت وہ ترکی کو دنیا کا بے مثال ملک بنانا چاہتے ہیں۔ وہ ترکی کو دنیا کی پہلی دس معیشتوں میں لا کر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ برآمدات میں اضافہ، اوسط آمدنی میں اضافہ، غیر ملکی تجارت میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ جسکے نتیجے میں توقع ہے کہ مزید تین کروڑ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ اس منصوبے میں توانائ بڑھانے اور بچانے کے منصوبے شامل ہیں۔ خارجہ پالیسی کے لئے ترکی کو یوروپی یونین کا فعال ترین کارکن بنایا جائے گا۔ وہ یوروپی یونین جو ترکی کو یوروپ کا حصہ تسلیم کرنے سے ہچکچاتی ہے۔ ترکی عالمی امن و استحکام کو بڑھانے میں اپنا فعال ترین کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ اسکے تحت عوام کے لئے معالجین یعنی ڈاکٹرز  کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اس ویژن میں یہ چیز شامل ہے کہ کوئ ایک ترک شہری بھی ایسا نہ ہو جسےہیلتھ انشورنس حاصل نہ ہو۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں گیارہ ہزار کلو میٹر ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ ہے۔ایسی بندرگاہ بنانے کا منصوبہ ہے جو دنیا کی پہلی دس بندر گاہوں میں شامل ہو۔ ہوائ جہاز کہ صنعت میں خود کفالت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ دو ہزار تئیس تک ترکی کو دنیا کا پانچوں بڑا سیاحتی مرکز بنایا جائے گا۔ جس سے اسے پچاس ارب ڈالر کا ریوینیو ملے گا۔
یہ پورا ویژن، ترکی کو معاشی، سطح پہ مضبوط بنانے کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے۔ کساد بازاری کے اس دور میں جب دہشت گردی اور جنگ کی وجہ سے ہماری معیشت بد حالی کا شکار ہے۔ ترکی اس وقت دنیا کی بلند ہوتی ہوئ معیشتوں میں سے ایک ہے۔
اس ویژن دو ہزار تئیس میں جو ترکی کی اسلام پسند جماعت کی طرف سے پیش کیا گیا ہے ایسی کوئ ایک شق نظر نہیں آتی جس میں ملک میں نظام شریعت کے قیام زور دیا گیا ہو۔ جس میں جہاد اور جہادی قوتوں کی پشت پناہی کا عزم کیا گیا ہو۔ جس میں دفاعی طاقت کو بڑھانے کا اظہار ہو۔  جس میں اسکولوں یا تعلیمی سطح پہ نصاب کو اسلامی بنانے کا ارادہ ظاہر کیا گیا۔ جس میں خواتین کو چادر اور چار دیواری میں بند کرنے کا عندیہ دیا گیا ہو۔ جس میں مغربی قوتوں سے نفرت کا اظہار کیا گیا ہو۔
ایک ایسے ترکی میں جو اب سے چند سال پہلے میں نے دیکھا اور جو اب بھی کم و بیش ایسا ہی ہے کہ میرے ایک عزیز پچھلے سال وہاں گئے اور اسے ویسا ہی پایا۔ جیسا میں نے دیکھا تھا۔ اسلام پسندوں کی کامیابی کیا وہ معنی رکھتی ہے جو ہمارے یہاں کے شدت پسند سمجھ رہے ہیں اور سمجھانا چاہتے ہیں۔ میرا تو خیال ہے کہ ہمارے مذہب پرست وہاں کی عام زندگی کو دیکھیں تو ترکوں کے اسلام پہ لعنت بھیج کر فی الفور انہیں کافر قرار دے دیں گے۔
میں تو سمجھتی ہوں کہ ہم میں سے ہر وہ شخص جو ترکی جانے کے وسائل برداشت کر سکتا ہو اسے ضرور صرف چار دن ہی سہی استنبول میں ضرور گذارنے چاہئیں۔ بالخصوص وہ جو شدت پسندوں سے ہمدردی کا رجحان رکھتے ہیں۔ انہیں وہاں جا کر اندازہ ہوگا کہ باوجود تمام آزادی اور مذہب کے عدم پروپیگینڈے کے ترکی میں مذہب پسند اپنی مرضی کی زندگی گذار رہے ہیں۔ اور غیر مذہب پسند اپنی مرضی کی۔ ترکی ایک سیکولر ملک ہے۔
کہیں پر بھی لوگوں نے ہمیں اس وجہ سے اہمیت نہیں دی کہ ہم پاکستانی مسلمان ہیں۔ کسی نے ہم سے ہمارا فقہ نہیں پوچھا۔ کسی نے ہم سے دینی مسائل پہ بات نہیں کی۔ کسی کو فکر نہیں تھی کہ ہم نماز پڑھتے ہیں یا نہیں، ہم شراب پیتے ہیں یا نہیں۔ میں سر پہ دوپٹہ اوڑھتی ہوں یا نہیں۔ کوئ میری نماز کی وجہ سے مجھ پہ صدقے واری نہیں ہو رہا تھا۔ کوئ مجھے شراب نہ پینے کی وجہ سے ستائشی نظروں سے نہیں دیکھ رہا تھا۔  کسی کو ملت اسلامیہ کے پارہ پارہ ہوجانے کا صدمہ نہیں تھا۔ کسی کو خلافت کی تجدید سے دلچسپی نہیں تھی۔
یہ بھی حیرانی کی بات ہے جسٹس پارٹی نے الیکشن کے دوران مذہب کو اپنی تشہیری مہم میں استعمال نہیں کیا۔ بلکہ انکا موٹو ترکی کی مجموعی ترقی رہا۔
کیا یہاں مجھے یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہمارے یہاں مذہبی جماعتیں کیا رول ادا کرتی ہیں اور وہ ملکی سطح پہ کسی بھی قسم کے ویژن سے کیسے بالکل محروم ہیں۔ اتنی محروم ہیں کہ ایسا کوئ قانون بنانے میں مدد نہیں کر سکتیں جسکی رو سے خواتین کو سر عام برہنہ پھرانے والے کے لئے عبرت ناک سزا رکھی جا سکے یا خواتین پہ تیزاب پھینکنے والوں کو خوفناک انجام کے سامنے کا ڈر ہو۔ درحقیقت وہ اور انکے پیروکار ایسے واقعات کی مذمت تک کرنے سے گھبراتے ہیں۔ یہ مذہبی جماعتیں نوجوانوں کو ملک کی ترقی کی توانائ بنانے کے بجائے اپنے مفادات کی جنگ کو جہاد کا نام دے کر ان نوجوانوں کو اس کا ایندھن بناتی ہیں۔ 
میں حیران ہوتی ہوں۔ جب یہ لوگ ترکی کے اسلام پسندوں کی ترکی میں فتح پہ تالیاں بجاتے ہیں تو آخر یہ کیا سوچ رہے ہوتے ہیں۔ کیا سوچتے ہیں یہ لوگ؟  سمجھ میں نہیں آتا کہ ٹھرکی کون ہے؟

8 comments:

  1. کہاں عظیم ترکی ، کہاں آپ کا جنونستان۔
    ہے کوئی موازنہ ؟
    مذہب پرستوں کا مذہبی ورژن جبر ہی سے نافذ ہوسکتا ہے۔ چوائس سے ان کے پر جلتے ہیں۔ چوائس ہوگی تو ان کے پیچھے کون لگے گا ؟ ہیں جی؟

    ReplyDelete
  2. آج کل تو آپ نے عنوان کے چناؤ میں کمال کا ابہام پیدا کررکھا ہے :)

    ترکی کاتو معاملہ ہمارے معاملے سے الٹ ہے۔۔ انکے "روشن خیال" اسی درجے کے انتہا پسند ہے جس درجے کے مذہبی انتہا پسند ہمارے یہاں پائے جاتے ہیں۔۔ حجاب کے استعمال پر مخصوص مقامات پر پابندی اسکی ایک مثال ہے۔۔ لیکن آپ کو یہاں کچھ آوازیں ایسی ملیں گی جو معیشت کی بنیاد پر اس مستقل "جمہوری" جیت کو خلافت کے قیام کا پہلی سیڑھی قرار دے گا۔ کچھ اچھنبے کی بات نہیں۔۔ ہر کامیاب ملک اپنے بارے میں فکر کرتا ہے اور ہر ناکام ترقی پذیر ملک باقی ممالک کے بارے میں فکرمند۔۔

    ReplyDelete
  3. وہ جی آپ نے شٹوری تو مکمل کی ہی نئیں۔
    میرا مطلب ہے کہ آپ گواچی گاں بن گئیں ، بالکونی پر جا کر آپ نے اداس نگاہوں سے استنبول پر نگاہ ڈالی اور کوئی گانا شانا گایا۔
    جبکہ ہیرو صیب ، یعنی شوہر موصوف استنبول کی خاک چھانتے کوئی سیڈ سانگ گاتے آپ کو ڈھونڈتے رہے ..
    فیر ؟ اگے کی ہویا ؟

    ReplyDelete
  4. آج تو آپ نے ہنسا ديا ۔ جيسے ہم اُردو ميں کہتے ہيں " سُنيئے "۔ عربی ميں کہتے ہيں "اِسماع "۔
    ويسے اس سے آپ کی جستجو برائے عِلم بھی واضح ہو جاتی ہے
    ترکی ميں کيا ڈونلڈ تھے ؟ وِمپی نہ تھے ؟
    اور کيا نيلی مسجد ميں اب ترک باشندوں کو جانے کی اجازت مل گئی ہے ؟
    اور کيا دوسری مساجد جہاں لگے تالے صرف نماز کے وقت کھولے جاتے تھے وہ سب اُتار ديئے گئے ہيں ؟
    کيا آپ نے اپنے ہوٹل ميں شراب اور سور کا گوشت مہياء ہوتے نہيں ديکھا ؟
    يہ بھی حيرت کی بات ہے کہ آپ کو وہاں سُرخ تحريک کا کوئی جوان کسی سڑک پر نظر نہ آيا

    يہ آپ کو کس نے بتايا ہے کہ پچھلے 2 ادوار ميں جو حکومت رہی اور جو اب بھی بن رہی ہے وہ اسلام پسند ہے ؟
    اسلام پسند حکومت تو اس سے پہلے والی تھی جس کے بننے کے چند ماہ بعد اسے معزول کر کے اس کے سربراہ کو قيد کر ديا گيا تھا جو اب فوت ہو چکے ہيں ۔ ان کی جماعت کو بھی خلافِ قانون قرار ديا گيا تھا اور وہ حُکم ابھی تک نافذ ہے ۔ خيال رہے کہ وہ بھی اسلام پسند حکومت تھی اسلامی نہيں تھی
    آپ نے اپنا اصل مقصد اپنی بعد کی آدھی تحرير ميں واضح کر ديا ہے ۔ يہی ايک وہمہ ہے جو آپ کے دماغ ميں رچ بس چکا ہے

    ReplyDelete
  5. کل ہی جنگ اخبار میں پاکستان کی سب سے بڑی منافق اور مذہب فروش جماعت کے سب سے بڑے منافق نے اس ہی موضوع پر پاکستان کی دنیا و مافیا سے بےخبر عوام کو بیوقوف بنانے کے لئیے ایک کالم لکھا ہے۔ آپکی یہ بات بلکل درست ہے کے جیسا یہ لوگ یہاں نقشہ کھینچ رہے ہیں ترکی میں ایسا کچھہ بھی نہیں ہے، طیب اردگان ایک لبرل سوچ کے انسان ہیں دن میں دو بار جلیٹ تھری سے رگڑ رگڑ کر شیو کرتے ہیں وہ، جبکے یہاں یہ منافقین دھمال ڈال رہے ہیں کے ترکی میں مذہبی انتہاپسندوں نے تیسری بار طیب اردگان کو جتوا کر روشن خیالوں کے خلاف اپنا فیصلہ دے دیا ہے، یہ منافقین سمجھتے ہیں کے اسلام کی جو مسخ شدہ طالبانی تصویر انکے دماغوں میں ہے وہ ہی ٹھیک ہے وہ ہی حق ہے، حدیث ہے کے ایک انسان کی جان کی حرمت کعبہ کے حرمت سے زیادہ ہے۔ جبکے ان درندوں کے نزدیک سب سے سستی چیز ہی انسانی جان ہے باقی معاملات تو چھوڑ ہی دیں۔ یہ منافق درندے ہر اس معاملے پر سڑکوں پر دندناتے ہوئے نکل آتے ہیں دھرنے دینے ریلیاں نکالنے ہڑتالیں کرنے کے جس معاملے میں انہیں حکومت وقت کو بلیک میل کر کے مال بنانے کے آثار نظر آتے ہیں۔ آپ فرما رہی ہیں کے،

    کیا یہاں مجھے یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ہمارے یہاں مذہبی جماعتیں کیا رول ادا کرتی ہیں اور وہ ملکی سطح پہ کسی بھی قسم کے ویژن سے کیسے بالکل محروم ہیں۔ اتنی محروم ہیں کہ ایسا کوئ قانون بنانے میں مدد نہیں کر سکتیں جسکی رو سے خواتین کو سر عام برہنہ پھرانے والے کے لئے عبرت ناک سزا رکھی جا سکے یا خواتین پہ تیزاب پھینکنے والوں کو خوفناک انجام کے سامنے کا ڈر ہو۔ درحقیقت وہ اور انکے پیروکار ایسے واقعات کی مذمت تک کرنے سے گھبراتے ہیں۔ یہ مذہبی جماعتیں نوجوانوں کو ملک کی ترقی کی توانائ بنانے کے بجائے اپنے مفادات کی جنگ کو جہاد کا نام دے کر ان نوجوانوں کو اس کا ایندھن بناتی ہیں۔
    محترمہ لفظ ویژن کے و سے بھی واقف نہیں ہیں یہ لوگ۔ خواتین کو سر عام برہنہ پھرانے والوں کے خلاف یا خواتین پر تیزاب پھینکنے جیسے مکروہ فعل کرنے والوں کے خلاف دھرنے دے کر ریلیاں نکال کر ہڑتالیں کر کے مال نہیں ملنا نہ، ان منافقوں اور دھشتگروں کے لجپال حمید گل نے ایک ٹی وی پروگرام میں سینہ ٹھوک کے بتایا تھا کے امریکہ ہمیں ڈالر دیتا تھا ( تاکے ہم ان مولویوں کو دیں جو معصوم لوگوں کو جہاد کے نام پر دھشت گرد بناتے ہیں) حمید گل نے اقرار کیا کے جو مولوی جو مذہبی جماعت جتنے بھی مجاہد تیار کر کے لاتی ہم اسے فی مجاہد کے حساب سے ڈالر دیتے تھے، یہ ہے ان دھشت گردوں کے حقیقت، جہاد وہ ہوتا ہے جس میں جہاد پہلے ہوتا ہے اور مال غنیمت بعد میں آتا ہے، یہ کونسا جہاد ہے جس میں مال غنیمت پہلے آتا ہے اور جہاد بعد میں شروع ہوتی ہے؟ پری پیڈ جہاد۔ بہترین تحریر ہے آپکی اللہ آپکو اس ہی طرح حق اور سچ کہنے کی توفیق عطا فرمائیں آمین۔ آپ نے یہ تحریر لکھہ کر ان منافقوں کی منافقت کی قلعی کھول دی ہے جس کے لئیے آپ کو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

    ReplyDelete
  6. افتخار اجمل صاحب آپکو وہم نہیں یقین ہے اور آپکا یہ یقین آپکے تبصرے سے ظاہر ہے۔ اور مزید یہ کہ بے شمار دیگر ایقان کی طرح یہ یقین بھی بے بنیاد ہے یعنی غلط ہے۔
    یہ بات واضح کرنے کے بعد کہ میں وہاں تفریح کے لئے تھی آپ نے اسے علمی دورہ کیوں سمجھ لیا۔
    آپکے علم کی درستی کے لئے چند معلومات کا اضافہ۔ نیلی مسجد ایک عرصہ ء دراز سے کھلی ہوئ ہے وہاں پانچ وقت کی نماز با جماعت ہوتی ہے۔ میں نے خود وہاں کئ وقت کی نماز پڑھی۔ اسکے علاوہ چونکہ اسکی تاریخی حیثیت ہے اس لئے سیاحوں کے لئے بھی سارا دن کھلی رہتی ہے۔ بس لوگوں کو اندر چپل اتار کر جانا پڑتا ہے۔
    شاید آپ کو علم نہیں کہ آپکے قبلہ ء کعبہ سعودی عرب میں بھی مساجد نماز کے وقت کھلتی ہیں اور درمیان میں بند رہتی ہیں۔
    میرا ترکی میں کوئ ہوٹل نہیں ہے۔ ج ترکی میں غیر ملکیوں کے لئے تمام ہوٹلوں میں شراب اور سوءر کا گوشت ملتا ہے۔ لیکن ترکی میں اسکے علوہ جو گوشت ملتا ہے وہ ذبیحہ ہوتا ہے۔ عورتیں وہاں ساحل پہ بکنیز پہن کر بھی گھوم سکتی ہیں عورت اور مرد ایک ساتھ تیراکی کرتے ہیں۔ ساحل پہ عورت اور مرد دسھوپ سینکتے نظر آئیں گے۔ میں نے ترکی کا سفرنامہ نہیں لکھا ورنہ یہ سب اطلاعات ملتیں۔ میں نے اس دوران چھ شہر دیکھے۔ یہ عظیم نکتہ آپ بھول رہے ہیں۔
    یہ بات مجھے کس نے بتائ کہ ترکی میں اسلام پسندوں کی حکومت آ گئ ہے۔ اخبار کے بعد سب سے پہلا ذریعہ، پاکستان کے مذہب پرست اور انکی نمائیندہ جماعتیں ہیں ۔ جن سے مجھے پتہ چلا کہ ترکی میں ایسا ہوا ہے۔ آپ شاید بلاگستان میں اپنے ، اپنے حلقے اور میرے بلاگ کے کسی اور کو بالکل اہمیت نہیں دیتے۔ ویسا اچھا ہی کرتے ہیں۔ میرا بلاگ پڑھنے کی عزت افزائ کا شکریہ۔
    راشد کامران صاحب، ترکی میں روشن خیال انتہا پسند پائے جاتے ہیں مگر اس درجے کے نہیں جس درجے کے ہمارے یہاں مذہبی انتہا پسند پائے جاتے ہیں۔ یعنی وہ حجاب پہننے والی خاتون کو سر عام کوڑے نہیں لگاتے اور نہ روشن خیالوں کے خود کش حملہ آور مذہبی لوگوں میں جا کر پھٹتے ہیں۔ اور نہ وہ مذہب پہ عمل کرنے والوں کو قتل کرتے ہیں اور نہ انہیں قتل کرنے والوں پہ پھول برساتے ہیں۔ نہ وہ یہ ارادہ ظاہر کرتے ہیں کہ مذہب پہ عمل کرنے والوں کو زندگی سے محروم کر دیا جائے گا۔ نہ وہ انہیں کافر قرار دے کر واجب القتل جانتے ہیں۔ زندگی اور موت ایک بہت بڑا فرق ہے۔۔
    اسکی ایک وجہ شاید یہ ہے کہ ترکی میں عام دلچسپی کا موضوع مذہب نہیں ہے۔ اور اس بارے میں کوئ ایکدوسرے کو نصیحت کرتا نظر نہیں آتا۔ دوسری یہ کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے انکا معاشی استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ سیاحت، ترکی کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہے اسکی وجہ تےرکی کا تاریخی سطح پہ بے حد امیر ہونا ہے۔ استنبول میں ہر چند گز کے فاصے پہ ایسی عمارت کھڑی ہوگی جو کہ پانچ سو سال سے کم پرانی نہیں ہوگی۔ اب سیاحوں کو تو آزادی بھی دینی ہوگی اور تحفظ کا احساس بھی۔
    فکر پاکستان، آپکا شکریہ۔
    عثمان، ہیرو صیب کا کیا ہوا؟ یہ سوال میں نے آپکے لئے چھوڑ دیا تھا۔ مجھے یقین تھا یہ آپ ضرور پوچھیں گے۔
    تو ہیرو صیب نے حتی الامکان بازار میں تلاش کرنے کی کوشش کی۔ یہ سوچ کر پریشان ہوئے کہ میں خدا جانے کہاں پریشان ہونگی۔ پھر پولیس اسٹیشن میں رپورٹ لکھوانے سے پہلے ہوٹل دیکھ لینے کو ترجیح دی۔ اس طرح ایک دفعہ پھر سب ہنسی خوشی رہنے لگے۔ بعد میں خیال آیا کہ ارے ہم نے کوئ گانا تو گایا ہی نہیں تھا۔ اب پچھتائے کیا ہوت۔ دوبار گم کرنے کا وقت نہیں ملا۔

    ReplyDelete
  7. اپکو مذہب سے اتنی نفرت کیوں ہےِ؟

    ReplyDelete
  8. کاششف نصیر صاحب، آپ نے اس پوسٹ میں سے یہ نتیجہ کیسے اخذ کیا کہ میں مذہب سے نفرت کرتی ہوں۔ الحمد للہ مسلمان ہوں۔ اس لئے نہیں کہ مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئ۔
    ہاں مجھے مذہب کو طاقت کے استعمال کے لئے استعمال کرنا پسند نہیں۔ میں مذہب کے نام پہ رائج دہشت گردی کے خلاف ہوں۔ اس لئے کہ مذہب ہی صرف ایسی چیز ہے جو انسان کو روحانی قدروں سے واقف کراتا ہے لیکن اسے ہی انسان کی تذلیل کا آلہ بنادیا جائے اس سے زیاہد اسکی توہین نہیں ہو سکتی۔

    ReplyDelete

آپ اپنے تبصرے انگریزی میں بھی لکھ سکتے ہیں۔
جس طرح بلاگر کا تبصرہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اسی طرح تبصرہ نگار کا بھی بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اس لئے اپنے خیال کا اظہار کریں تاکہ ہم تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔
اطمینان رکھیں اگر آپکے تبصرے میں فحش الفاظ یعنی دیسی گالیاں استعمال نہیں کی گئ ہیں تو یہ تبصرہ ضرور شائع ہوگا۔ تبصرہ نہ آنے کی وجہ کوئ ٹیکنیکل خرابی ہوگی۔ وہی تبصرہ دوبارہ بھیجنے کی کوشش کریں۔
شکریہ