Thursday, August 27, 2009

یوم ٹیگ

آپ کا نام یا نک؟ اگر اصل نام شیئر کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔

میرا نام عنیقہ ناز ہے۔ بعض لوگ الجھن کا شکار لگتے ہیں کہ یہ شاید انیقہ ہے۔ اس لفظ کے دو منبع ہیں۔ ایک فارسی اور دوسرا عربی۔ انیقہ فارسی کا لفظ ہے۔ اگرچہ اسے فارسی ذریعے سے لیا گیا لیکن میرے ابا نے اسے عربی کے طریقے یعنی ع سے لکھنا پسند کیا۔ مجھے انکی پسند ، پسند ہے۔ اپنے اماں اور اباکی جانب سے دئیے گئے اس نام کو میں نے شادی کے بعد بھی تبدیل نہیں کیا جیسا کہ آجکل رواج ہے۔

آپ کے بلاگ کا ربط اور بلاگ کا نام یا عنوان؟ بلاگ کا عنوان رکھنے کی کوئی وجہ تسمیہ ہو تو وہ بھی

شیئر کر سکتے ہیں۔

میرے بلاگ کا نام ہے شوخی ء تحریر۔ اسکی کوئ وجہ ءتسمیہ نہیں۔ بلاگ بناتے ہوئے جس وقت یہ کالم سامنے آیا غالب کا ایک شعر ذہن میں آیا۔ جس سے یہ نام نکالااور لکھ دیا۔

آپ کا بلاگ کب شروع ہوا؟

یہ مئ ، دو ہزار نو میں شروع کیا۔

آپ اپنے گھر سے کون سے ایک ، دو یا زائد لوگوں کو بلاگنگ کا مشورہ دیں گے یا دے چکے ہیں؟ ربط پلیز

نہیں کسی کو مشورہ نہیں دیا۔

سب اتنے مصروف رہتے ہیں کہ میرے اس مشورے پر میری پٹائ لگ سکتی ہے، لفظوں سے۔

کوئی ایک ، تین یا پانچ یا زائد ایسے موضوعات جن پر لکھنے کی خواہش ہے مگر ابھی تک نہیں لکھ سکے یا آئندہ لکھنا چاہیں ؟

ابھی تو لکھتے ہوئے کچھ ہی عرصہ ہوا ہے۔ موضوعات بہت ہیں۔ تیسری دنیا میں رہنے کا فائدہ یہ ہے کہ کبھی موضوعات کی کمی نہیں ہو سکتی۔

آپ کا بلاگ اب تک کس کی بدولت فعال یا زندہ ہے ؟ آپ خود یا کوئی دوسرا نام ؟ (مؤخرالذکر کی صورت میں نام بھی لکھ دیں۔ اگر ربط دیا جا سکتا ہے تو ربط بھی)

میرا خیال ہے کہ ابھی تک اسکے فعال ہونے کی وجہ میری مستقل مزاجی ہے۔یقینی طور پر اسکی دوسری وجہ وہ تبصرہ نگار ہیں جو اپنا دل کی بورڈ کے ذریعے نکال کر رکھ دیتے ہیں۔ پھر ان لفظوں کو جوڑ کر دوبارہ دل بنانا یہ کسی جگسا پزل سے کم نہیں۔ مجھے مزہ آتا ہے۔

اپنے موبائل سے کم از کم کوئی ایک ، تین یا پانچ اچھے ایس ایم ایس شیئر کریں

مجھے موبائل فون ایک آنکھ نہیں بھاتا ہے۔ اور یہ لکھتے ہوئے مجھے خیال آیا کہ میں فیس بک پر ایک گروپ بنا سکتی ہوں۔ آئ ہیٹ موبائل فون۔ ارد گرد پچاس لوگ بیٹھے ہوں مگر آپ کسی ایسے شخص سے مشین کے ذریعے بات کرنے میں مصروف رہتے ہیں جو خدا جانے کس کرہ ء ارض پہ ہوتا ہے۔

آپ کی اردو زبان سے دلچسپی کس نام کے سبب سے ہے ؟ (استاد ؟ گھر کا کوئی فرد؟ یا کوئی دوسرا نام؟ یا کوئی الگ وجہ ؟)

میری مادری زبان اردو ہے۔ میرے والدین میں سے ایک کا تعلق لکھنوء سے ہے۔ اب بھی اس میں دلچسپی نہ لوں تو مرحوم نانا بڑے لتے لیں گے۔

کیا آپ اردو بلاگ دنیا روزانہ وزٹ کرتے ہیں اور مختلف بلاگز کسی ترتیب سے وزٹ کرتے ہیں یا جو بھی بلاگ سامنے آ جائے؟

اپنا بلاگنگ روٹ شیئر کریں ۔

میں اردو سیارہ پہ تقریباً روزانہ آتی ہوں۔ کوئ خاص ترتیب نہیں۔ کسی کا موضوع دلچسپ لگے تو ضرور پڑھتی ہوں ۔ چاہے اس سے میرا نظریاتی اختلاف جتنا بھی ہو۔ تقریباً ہر نئے پرانے بلاگر کو پڑھ لیتی ہوں۔ سوائے اسکے کہ اسکا بلاگ کھلنے میں بہت وقت لگ رہا ہو۔ وقت کی کمی ہے جناب۔ جیسے شاہدہ اکرم اور راشد کامران کا بلاگ میرے پاس بڑی مشکل سے کھلتا ہے۔ ڈفر بھی خاصہ ٹائم لیتے ہیں۔ خود اردو سیارہ پانچ دفعہ کلک کرنے سے پہلے نہیں کھلتا۔

آپ کے بلاگ پر پہلے پانچ یا دس تبصرہ نگار کون سے تھے؟

مشکل سوال ہے، محض یادداشت پہ بتا دیتی ہوں کہ اسوقت خاصی کاہلی ہو رہی ہے جاکر دیکھنے میں۔ یہ ہیں اجمل صاحب، جعفر، ڈفر، عبداللہ، جویریہ طارق، م م مغل، ابو شامل، نومان۔ اور بھی ہیں کرم فرما ابھی یاد نہیں آرہا۔

ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مختلف تحریروں پر ہونے والے تبصروں میں سے چند دلچسپ یا مفید تبصرے شیئر کیجیے۔ ربط دینا نہ بھولیں ۔

چھٹی کرنی پڑے گی ایکدن کی اسے نکالنے میں۔ لیکن کچھ لوگ جو تبصرہ کرتے وقت بھی چھان پھٹک سے کام لیتے ہیں ان میں جاوید گوندل، عبداللہ، ابو شامل اور نومان شامل ہیں کچھ لوگ جو فوراً اپنی تحریروں سے متعلق چیزوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ ان میں جعفر اور ڈفر ہیں۔ شاید باقی لوگ بھی کریں لیکن میں نے انکی تحریروں پہ کچھ لکھا نہیں اسلئے نہیں کیا ہوگا۔

ہفتہ بلاگستان یا اردو بلاگ دنیا سے مخلتف تحریروں سے منتخب جملے جو آپ کو پسند آئے ہوں یا جنہیں آپ تعمیری اور مفید سمجھیں۔ (اگر تعداد معین کرنا چاہیں تو تین ، پانچ ، دس یا جتنے مرضی)

اسکے لئے بھی ایک اور چھٹی چاہئیے ہوگی۔ سب گھر والے میرا بائیکاٹ کر دیں گے۔ ابھی بالکل ماضی قریب میں ایک جملہ پڑھا تھا۔ پلے نہیں ہے دھیلہ، کردی پھرے ایں میلہ میلہ۔

اور ہاں ایک شعر جو میں نے اپنے پاس لکھ بھی لیا تھا۔

یہی کہا تھا کہ برسوں کا پیاسا ہوں فراز

اس نے میرے منہ میں پائپ ڈالکر موٹر چلا دیا

اب نہیں معلوم کہ یہ کتنے تعمیری یا مفید ہیں۔ میں انہیں پڑھکر کافی دیر ہنستی رہی۔ ویسے اس سوال کے جواب میں ایک طویل پوسٹ لکھی جا سکتی ہے۔ اور بھی لکھنے والے بہت اچھے ہیں۔ ان سب کی باتوں کو نظر انداز کرنا مجھے اچھا نہیں لگ رہا۔ لیکن فی الحال کوئ ایسا طریقہ نہیں بن رہا کہ دریا کو کوزے میں بند کر دوں۔ ایک ترکیب جسے میں نے کافی سارے لوگوں کو بتایا بھی 'جسم کے خفیہ حصے'۔ جعفر کے کئ جملوں پہ میں پوری پوسٹ لکھ چکی ہوں۔ ڈفر کے بھی کچھ جملے بڑے پسند آئے۔ اجمل صاحب، راشد کامران، خرم بھٹی انکے بھی کچھ جملے ذہن میں آرہے ہیں۔ وارث صاحب نے جو مثویاں غالب کی نکالیں۔ زبر دست ہیں۔ وارث صاحب اور محمد احمد کی غزلیں بہت اچھی۔ لیکن وہ اشعار صحیح سے یاد نہیں آرہے۔ کہاں تک سنوگے کہاں تک سنائیں۔

ہفتہ بلاگستان کے بعد اب ہم “یوم بلاگستان” منایا کریں گے آپ کے خیال میں “یوم بلاگستان” ہر ہفتہ میں ایک دن منایا جائے یا ہر ماہ میں ایک دن منایا جائے؟

بڑا مشکل سوال ہے یہ بھی۔ ہفتہ ء بلاگستان میں بڑا خیال رکھنا پڑا کہ کچھ نہ کچھ لکھ ضرور دیں ورنہ باقی بلاگرز کہیں گے کہ پتہ نہیں کیا سمجھتی ہیں خود کو، ہونہہ مغرور کہیں کی۔ پس یہ ثابت کرنے کے لئے کہ یہیں کی ہوں۔ اسکے لئے بھی وقت نکالا۔ یوم بلاگستان، میرا خیال ہے ہفتہ ء بلاگستان ہی بہتر رہے گا۔ اور وہ بھی ہر سال یوم آزادی کے موقع پر۔

مختلف بلاگرز کو کوئی شعر یا جملہ انہیں ٹائٹل کے طور پر منسوب کریں۔

یہ کچھ اشعار ہیں۔ ان میں سے پہچان پر ہے ناز تو پہچان جائیے۔ آپ نکال لیں۔ میں لکھ رہی ہوں۔

خط لکھیں گے گر چہ مطلب کچھ نہ ہو

ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے


مشہور ہیں سکندر و جم کی نشانیاں

اے داغ چھوڑ جائیں گے ہم یادگار دل


طوفاں ہے تو کیا غم مجھے آواز تو دیجئیے

کیا بھول گئے آپ میرے کچے گھڑے وہ


ہمیں ہی جراءت اظہار کا سلیقہ ہے

صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں گے


بوجھی ہیں اس نے کیسے نظر کی پہیلیاں

وہ شخص تو بلا کا نظر نا شناس تھا


ہر نظر بس اپنی انپی روشنی تک جا سکی

ہر کسی نے اپنے اپنے ظرف تک پیایا مجھے


ہم کیا جانیں یار سلیم نفرت کیسی ہوتی ہے

ہم بستی کے رہنے والے شہر میں آئے پہلی بار


فضا میں پھیل چلی میری بات کی خوشبو

ابھی تو میں نے ہواءووں سے کچھ کہا بھی نہیں


میں خود ہی جلوہ ریز ہوں خود ہی نگاہ شوق

شفاف پانیوں پہ جھکی ڈال کی طرح


اس راہ سے گذر جاتے ہیں طوفان کی مانند

رکتے ہیں جہاں گردش دوراں کے قدم بھی


دلنوازی کے فن جاننا چاہئیے

حسن چاہے بہت خوبصورت نہ ہو


یہی انداز ہے میرا سمندر فتح کرنے کا

میری کاغذ کی کشتی میں کئ جگنو بھی ہوتے ہیں


دئیے بجھاتی رہی، دل بجھا سکے تو بجھائے

ہوا کے سامنے یہ امتحاں رکھناہے


اب اس سے کیا کیجئیے شکو ہائے کم نگہی

بہت دنوں میں تو اس نے ادھر نظر کی ہے



زمانہ دیکھا ہے ہم نے ہماری قدر کرو

ہم اپنی آنکھوں میں دنیا بسائے بیٹھے ہیں


بولے تو سہی جھوٹ ہی بولے وہ بلا سے

ظالم کا لب و لہجہ دلآویز بہت ہے


اگرچہ کام مشکل ہے مگر یہ کام کرنا ہے

کسی آغاز پہ لا کر اسے انجام کرنا ہے


امیدحور نے سب کچھ سکھا رکھا ہے واعظ کو

یہ حضرت دیکھنے میں سیدھے سادے بھولے بھالے ہیں


ہم دعا لکھتے رہے وہ دغا پڑھتے رہے

ایک نکتے نے ہمیں محرم سے مجرم کر دیا


ہفتہ بلاگستان اور بلاگ دنیا میں شامل کوئی بھی اپنی پسند کی تصاویر شیئر کریں جو بلاگرز کی اپنی فوٹو گرافی ہو؟ ربط ضرور دیجیے ۔

انتظار کرنا پڑیگا۔ یہاں وہاں پڑی ہیں۔

کن بلاگرز کو آپ کے خیال میں باقاعدگی سے لکھنا چاہیے ؟

ہر ایک کو باقاعدگی سے لکھنا چاہئیے۔ یہ بھی ایک تاریخ ہے جو آپ رقم کر رہے ہیں۔ آپ جہاں رہتے ہیں جیسا لکھنا آتا ہے جو محسوس کرتے ہیں لکھیں۔ اس بات کا میں آپ کو یقین دلادوں کہ میں آپکو ضرور پڑھتی ہوں۔

بلاگ دنیا میں آپ اپنا کردار کس انداز میں ادا کرنا چاہتے ہیں یا کر رہے ہیں؟

جو میں محسوس کرتی ہوں وہ میں لکھتی ہوں۔ میں اپنے انداز تحریر کو رواں کرنے کے لئے نہیں لکھتی۔ اسکے بارے میں مجھے خاصی خوش فہمیاں ہیں۔ میں کمیونیکیشن کے لئے لکھتی ہوں۔ ہر ایکس وائ زیڈ کیا سوچتا ہے، زبان کو کسطرح لکھتا ہے۔ ایک چیز جسے میں ایک نظر سے دیکھتی ہوں اسے دوسرے کس نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ لوگ عمومی طور پر زندگی کی مختلف سطحوں کو کس طرح برتتے ہیں۔ یہ میری دلچسپی کے میدان ہیں۔ فی الحال تو میں یہاں فیضیاب ہونے والوں میں سے ہوں۔گنتی کے لکھنے والے چند لوگوں میں کوئ کیا کردار ادا کر سکتا ہے۔ جبکہ ان گنتی کے لوگوں نے بھی اپنے بلاکس بنائے ہوئے ہیں۔

ہفتہ بلاگستان کے بارے میں آپ کے تاثرات

اچھا رہا۔

19 comments:

  1. بی بی عنیقہ، جب نعمان اور آپ ہماری ترکیب "جسم کے خفیہ حصے" پر ہنسی تھیں تو ہمیں اپنی کم علمی پر غصہ بھی آیا اور آپ کے تبصروں پر ہنسی بھی۔ بعد میں تحقیق کرنے پر پتہ چلا کہ یہ تو جسم کے نازک حصے ہونا چاہیے تھا۔ مگر آپ لوگوں کے خوبصورت تبصروں کی وجہ سے ہم نے اسے جوں کا توں ہی رہنے دیا۔
    خدا کرے آپ اسی تسلسل کیساتھ لکھتی رہیں اور ہمیں آپ سے اردو سیکھنے کا موقع ملتا رہے۔

    ReplyDelete
  2. میں نے تو پہچان لیا
    خط لکھیں گے گر چہ مطلب کچھ نہ ہو
    ہم تو عاشق ہیں تمہارے نام کے
    :D :D :D :D :D

    ReplyDelete
  3. گڈ جاب ڈفر،اور تلاش کریں۔ ہو سکتا ہے آپکے لئے دو ہوں۔ آخر آپ ہیں بھی تو ایک سے زیادہ، ہی ہی ہی۔
    میرا پاکستان، میری اردو میں بھی غلطیاں نکالی جاتی ہیں۔ زیادہ مت سیکھئیے گا۔

    ReplyDelete
  4. مشہور ہیں سکندر و جم کی نشانیاں
    اے داغ چھوڑ جائیں گے ہم یادگار دل
    یہ یقیناً میرے لیے ہوگا کہ مجھے تو ان میں سے سب سے اچھا شعر یہی لگا۔
    :)

    ReplyDelete
  5. آپ اردو بلاگنگ میں بلا شبہ ایک اچھا اضافہ ہیں‌اورسوالا جوابا آپ نے اس توصیف کو توثیق بھی فراہم کرہی دی۔ بس وقت نکال کر لکھا کریں میں آپ کو بائیں بازو والی تو نہیں کہہ رہا لیکن اردو بلاگنگ میں خیالات او موضوعات کے توازن کے اعتبار سے سال 2009 بہت اچھا جارہا ہے۔

    ReplyDelete
  6. وارث صاحب یہ شعر آپکا ہوا۔
    شکریہ راشد کامران صاحب، جب میں نے پہلی دفعہ اس سال اپریل میں اردو بلاگرز کے کی ورڈز ڈالکر سرچ کی کی دبائ اور اردو بلاگنگ کی دنیا میں جھانکا تو پہلا تاثر یہ تھا کہ یہاں دائیں بازو والوں کا راج ہے۔ اس چیز نے تحریک پیدا کی، میرا تعلق دائیں بازو سے نہیں ہے۔
    ویسےآپکی کرم نوازی مجھے بائیں بازو والوں میں نہیں ڈالا۔ وہ بھی مجھ سے تنگ رہتے ہیں۔

    ReplyDelete
  7. سب سے پہلے تو مجھ ناچیز کا نام اپنی پوسٹ میں شامل کرنے کا شکریہ،وہ کیا کہتے ہیں آپ کی ذرہ نوازی ہے ورنہ بندہ کس قابل:)
    اشعار کا انتخاب بھی ماشاءاللہ عمدہ ہے اور اشعار میں لوگوں کو ڈھوندنے کا انداز بھی زبردست دیکھ لیجیئے ہیرے کی قدر جوہری ہی پہچانتا ہے:)
    مینے خود کو چند اشعار مین پہچاننے کی کوشش تو کی ہے اب کہیں یہ خود پسندی میں شامل نہ ہو جائے :)
    آپ ہی وضاحت کردیں تو مزید نوازش ہوگی!
    اور میری عقل اور خود شناسی کا بھی امتحاں ہوجائے گا!


    یہی انداز ہے میرا سمندر فتح کرنے کا
    میری کاغز کی کشتی میں کئی جگنو بھی ہوتے ہیں،
    یہ شعر تو آپ پر ہی سوٹ کرتا ہے :)
    بقول جعفر میں تیرا حاجی بگوئم تومیرا حاجی بگو :)

    ReplyDelete
  8. سب سے پہلے تو عنیقہ صاحبہ آپ کو سلام۔
    بہت دنوں بعد بلاگستان پر حاضری دی ہے، وجہ مختصراً یہ کہ ٹریفک حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ گزشتہ تقریباً ایک ہفتے سے طبیعت بہتر تھی لیکن بلاگ دیکھنے کا بھی دل نہیں چاہ رہا تھا۔ البتہ اب تھوڑا موڈ بنا لیا ہے۔
    اب آتے ہیں آپ کی تحریر کی طرف، میرے خیال میں اگر منظر نامہ والے 2009ء کے بہترین بلاگرز کے لیے نامزدگیاں طلب کریں گے تو وہ نئے بلاگرز جو پرانے بلاگرز کو بہت ٹف ٹائم دیں گے ان میں آپ کا نام بھی شامل ہوگا۔ موضوعات کا تنوع اور ایسے موضوعات پر بات کرنا جو ہمارے ہاں بہت کم کی جاتی ہے، آپ کا خاصہ ہے۔
    اب یہی ٹیگ لے لیجیے، میرے خیال میں اب تک ٹیگنگ کے سلسلے کا سب سے زبردست ٹیگ ہے۔ خصوصاً اشعار کے انتخاب نے تو اس میں چار چاند لگا دیے۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔
    ویسے یہ کیسا رہے گا؟ :)
    اب اس سے کی کیجیے شکو ہائے کم نگہی
    بہت دنوں میں تو اس نے ادھر نظر کی ہے

    ReplyDelete
  9. ابو شامل، آپ تو جیت گئے بھئ۔ اللہ آپ کو صحت تندرستی دے۔ آپ کی غیرحاضری نے تو بلاگستان کی رونق کو بڑا متاثر کیا۔
    عبداللہ، ڈنڈی نہیں ماریں۔ اس میں کوئ شعر میرے لئے نہیں ہے۔ تھوڑا سا تو انسان کو خود پسند ہونا چاہئیے۔ سب سے بہتر تو ہم اپنے آپ کو جانتے ہیں۔

    ReplyDelete
  10. یوم ٹیگ پر آپ کی تحریر اچھی لگی۔

    اشعار سب ہی اچھے ہیں اور اچھا شعر ہمیں ہمارے لئے ہی معلوم ہوتا ہے "چاہے مطلب کچھ بھی ہو"

    ۔

    ReplyDelete
  11. سب سے پہلے سلام عرض ہے تمام بہن بھائیوں کو! عنیقہ بی بی نام اچھا کیا تبدیل نہیں کیا۔ اس رواج کو ہم نے بھی ختم کرنے کوشش کی ۔ بیگم کو نام تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔مری بات نہ ماننے کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے حسب معمول نے مشورہ نہیں مانا گیا اور اس طرح شاہ سے خان ہوگئی۔
    ویسے اردو بلاگرز کے تبصروں کی مثال ایک مجلس کی طرح ہوتی ہے جہا ں سب اپنے لگتے ہیں اور اپنایت کا احساس ہوتا ہے۔

    ReplyDelete
  12. جب اتنے سارے بلاگ نہیں کھلتے تو بندے کو اچھا والا نیٹ کنکشن لینا چاہئے۔
    پلس بلاگ کو اچھا خاص ڈیمج کیا ہوا ہے۔ بیک اینڈ پر رحم کرنا اچھی بات ہوتی ہے۔

    ReplyDelete
  13. اچھا آپ نہیں مانتیں تو چند اشعار جو مجھے سب سے زیادہ پسند آئے وہ لکھ دیتا ہوں اب اس میں سے میرے لیئے آپ نے کونسا منتخب کیا تھا یہ آپ بتادیجیئے گا:)
    طوفاں ہے تو کیا غم مجھے آواز تو دیجئیے

    کیا بھول گئے آپ میرے کچے گھڑے وہ


    ہمیں ہی جراءت اظہار کا سلیقہ ہے

    صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں گے


    ہم کیا جانیں یار سلیم نفرت کیسی ہوتی ہے

    ہم بستی کے رہنے والے شہر میں آئے پہلی بار


    اس راہ سے گزرجاتے ہیں طوفان کی مانند
    رکتے ہیں جہاں گردش دوراں کے قدم بھی

    دیئے بجھاتی رہی دل بجھاسکے تو بجھائے
    ہو ا کے سامنے یہ امتحان رکھنا ہے،
    اور یہ شعر فرحان دانش کے نام میں کرتا ہوں اگر اپ کو اعتراض نہ ہو تو :)

    ReplyDelete
  14. فرحان آپکا شعر کسی اور نے نکال لیا، اپ تو پیچھے رہ گئے۔ عبداللہ اب آپکو آپکا شعر دیدون------- ہمممممم۔ تو یہ ہے




    اس راہ سے گذر جاتے ہیں طوفان کی مانند
    رکتے ہیں جہاں گردش دوران کے قدم بھی
    شکریہ آپکا۔
    بدتمیز، فی الحال میرے پاس وطین کا کنکشن ہے۔ ان سے اچھا کون ہے ۔ ذرا بتائیے گا تاکہ میں بھی کوئ مہم چلا سکوں۔ اب کوئ کہتا ہے فرنٹ پر رحم کرنا اچھی بات ہوتری ہے۔ اب مجھے کوئ فرنٹ اور بیک کے معنی سمجھائے تاکہ میں اس خرابے سے باہر نکل سکوں۔ مہربانی ہوگی۔

    ReplyDelete
  15. احمد، ہاءو کیوٹ شاید ایسے ہی موقع پر کہا جاتا ہے۔ بس جس شعر کو دیکھتے ہی آپ کا خیال میرے ذہن میں آیا۔ وہ دراصل دو ہیں۔پہلا تو آپکی اس ادا پر
    دلنوازی کے فن جاننا چاہئیے
    حسن چاہے بہت خوبصورت نہ ہو
    اور دوسرا
    طوفان ہے تو کیا غم مجھے آواز تو دیجئیے
    کیا بھول گئے آپ میرے کچے گھڑے وہ

    ReplyDelete
  16. تلخابہ، خوش آمدید۔ یہ رواج ہماری ثقافت کا ھصہ نہیں ہے۔ جہاں یہ روش چلی کہ بچوں کے نام کے ساتھ باپ کا نام لگایا جائے وہاں سے یہ چلن بھی آگیا کہ بیوی کے نام کے ساتھ شوہر کا نام لگے گا۔ ہماری ثقافت میں، ذات یا علاقے کا نام لگتا تھا۔ اسکا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ خدانخواستہ اگر دونوں کی نہ بنے اور نوبت علیحدگی تک آجائے تو کس کا نام دوبارہ تبدیل ہوگا۔ وہ جس نے پہلے اپنا نام تبدیل کیا۔دوسری مزے کی بات یہ ہے کہ بیالوجیکل سطح پر میرے انسانی خواص میرے والدین سے مجھ میں آئیں گے۔ اور تیسری اہم بات جو میں سمجھتی ہوں کہ آپس میں ہم آہنگی ان سطحی تبدیلیوں کے ساتھ نہیں جڑی ہوتی۔ میں محض اس مسئلے کی وجہ سے طلاق ہوتے دیکھ چکی ہوں۔

    ReplyDelete
  17. نوازش کرم شکریہ مہر بانی:)
    مزید لوگوں کی بھی پہچان بتاتی جاتیں تو اچھا ہوتا!
    کہیئے تو میں کچھ انداذے لگاؤں :)

    ReplyDelete
  18. ٹیگ کے سلسلے میں مشاعرہ کردیا آپ نے پورا۔۔۔
    میرا اتنا ذکر کرنے پر اور میری اتنی مشہوری کرنے پر اللہ میاں آپ کو جنت کے بالکل پاس ایک اچھاسا محل عطا فرمائیں
    :lol:

    ReplyDelete
  19. ابھی بھی، جنت میں نہیں پہنچایا۔ اور کتنا مکھن لگاءوں۔

    عبداللہ، اچھا تو یہ ہوتا کہ وہ لوگ خود ہی دلچسپی لیتے، ہی ہی۔

    ReplyDelete

آپ اپنے تبصرے انگریزی میں بھی لکھ سکتے ہیں۔
جس طرح بلاگر کا تبصرہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اسی طرح تبصرہ نگار کا بھی بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اس لئے اپنے خیال کا اظہار کریں تاکہ ہم تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔
اطمینان رکھیں اگر آپکے تبصرے میں فحش الفاظ یعنی دیسی گالیاں استعمال نہیں کی گئ ہیں تو یہ تبصرہ ضرور شائع ہوگا۔ تبصرہ نہ آنے کی وجہ کوئ ٹیکنیکل خرابی ہوگی۔ وہی تبصرہ دوبارہ بھیجنے کی کوشش کریں۔
شکریہ