اچھا یہ معلوم ہے کہ جانوروں میں عام طور پہ نر، مادہ سے زیادہ خوشگوار شخصیت رکھتے ہیں۔ میں نے موم بتی روشن کرتے ہوئے اندھیرے کا موضوع چھیڑا۔ جواب ملا مجھے تویہاں لفظ شخصیت پہ ہی اعتراض ہے۔ اور جانوروں میں ہی کیا انسانوں میں بھی نر زیادہ خوبصورت ہوتے ہیں۔ میں نے فورا شخصیت لفظ واپس لیا، حالانکہ اس پہ بحث ہو سکتی تھی اور شاید میں انہیں قائل بھی کر لیتی کہ جانوروں کی بھی شخصیت ہوتی ہے۔ لیکن اس سے دوسرے موضوع کے لئے توانائ کم ہو جاتی، جبکہ ہم پہلے ہی توانائ کے بحران کی وجہ سے نیم اندھیرے میں تھے۔ توانائ کے بحران سے تو آپ آجکل اچھی طرح واقف ہونگے۔ لیکن چونکہ اس سے انسانی نروں کی خوبصورتی پہ کوئ فرق نہیں پڑتا تو ہم اس سے بھی صرف نظر کرتے ہیں۔
موم بتی کی اس روشنی میں، میں نے ان سے دریافت کیا کہ پھر خواتین کے مقابلہ ء حسن کیوں ہوتے ہیں۔ مردوں کے کیوں نہیں ہوتے, اب باڈی بلڈنگ کو اس ضمن میں مت لے آئِے گا۔ کمزور دل صاحبان پہ واضح کر دوں کہ اس سے میری انسانی نروں کی ظاہری ہتک مقصود نہ تھی۔ جواب ملا کہ اب اگر اتنی گرمی میں شمع رخ روشن کے آگے رکھ بھی لیں تو سوائے مزید گرمی لگنے کہ کوئ پروانہ نہیں آئیگا۔ پروانے برسات میں پیدا ہوتے ہیں۔ میں حیرانی سے انکا منہ دیکھتی ہوں۔ اس نیم جان حالت میں اس طرح کے تجریدی بیانات سے لو لگ سکتی ہے۔ سو، میں پھر جانوروں کو پکڑتی ہوں۔
تمام نر خوبصورت ہوتے ہیں کیونکہ انہیں مادہ کو لبھانا ہوتا ہے۔ نر مور جو اپنے حسین ملکوتی رنگوں کے پر پھیلا کر ناچتا ہے تو وہ مورنی کو اپنے خوبصرت رنگوں اور اپنے رقص کے انداز سے سحر میں لے آتا ہے۔ اگر دو تین نر مور ہوں تو مادہ اس میں سے اسکے ساتھ رہنا چاہتی ہے جو زیادہ خوبصورت پر اور انداز رقص رکھتا ہو۔
نر ہرن کے سینگ جتنے بڑے ہوتے ہیں مادہ ان پہ اتنی فدا ہوتی ہے۔ سینگ جتنے بڑے ہوں رقیب بھی اتنے ہی کم ہوتے ہیں۔
حتی کہ شیر کو بھی، شیرنی کو رجھانے کے لئے اپنے ایال کے بال، اپنی دھاڑ، دوڑ اور دوسرے نروں سے جنگ جیت کر دکھانی پڑتی ہے۔
پرندوں میں کچھ پرندے اپنے خوبصورت پر اورکچھ اپنے پروں کے سائز اور کچھ اپنے گھونسلے بنانے کی مہارت دکھا کر دل موہ لیتے ہیں۔
کوئل کی خوبصورت دل پگھلا دینے والی کوک مادہ کوئل نہیں بلکہ نر کوئل نکالتا ہے مادہ کوئل تو بس کک کر کے رہ جاتی ہے۔ الغرض سب ہی نر اپنے اندر موجود خصوصیات کو مادہ کے سامنے بہتر طریقے سے پیش کرتے ہیں تاکہ وہ انکی جانب ملتفت ہو۔ انہیں قبولیت بخشے اور انکے ساتھ رہنے پہ راضی ہو۔
خیریت مجھے کچھ فساد کی بو آ رہی ہے. نہیں یہ موم جلنے کی بو ہے۔ اور، اس میں فساد کی کیا بات ہے۔ ایسے ہی مجھے خیال آیا کہ انسانی مادائیں جانوروں کی ماداءووں کے مقابلے میں خاصی کم ذوق نہیں ہوتیں۔



![Validate my Atom 1.0 feed [Valid Atom 1.0]](valid-atom.png)