Saturday, September 19, 2009

میٹھی عید اور میٹھا

میٹھی عید تو میٹھے کے ساتھ جڑی ہوئ ہے۔ تو میں نے سوچا کہ عید مبارک کہنے سے پہلے کچھ میٹھا بھی بنا دیا جائے آپ لوگوں کے لئے۔ یہ شاہی ٹکڑوں کی ایک جینئین ترکیب ہے۔
دو کلو دودھ کو ابال لیں اور پھر آنچ اتنی کر لیں کہ وہ اس پر پکتا رہے اور پک پک کر آدھے سے بھی کم رہ جائے۔
اس دوران آپ بڑی والی ڈبل روٹی اتنی بڑی نہیں جو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہو بلکہ بازار سے ملنے والی عام ڈبل روٹی کا جو بڑا سائز ملتا ہے وہ لے لیں اسکے کنارے کاٹ دیں اور اسے درمیان سے اس طرح کاٹ لیں کہ دو تکون بن جائیں، آٹھ سلائس سے آپکے پاس سولہ تکون بن جائِں گے اب انہیں آئل میں ڈیپ فرائ کر لیں۔ آئل اتنا ڈالیں کہ تین دفعہ کے بعد آپ اسے ضائع کر کے تازہ تیل ڈال سکیں۔ یہ ٹکڑے جب گولڈن ہو جائیں تو اتار لیں اور انہیں ایک بڑی بیکنگ ٹرے یا پائریکس ٹرے یا اسٹیل کی ٹرے میں لگادیں۔ ایک سنگل تہہ کی شکل میں۔ جگہ کم ہو تو دو ٹرے استعمال کر لیں۔ اب ایک پتیلی میں ڈیڑھ کپ چینی لیں اور اس میں ایک کپ پانی ملادیں۔ اور اسے پکا لیں جب اس محلول کواچھی طرح ابلتے ہوئے تین منٹ ہو جائیں تو اسے اتار لیں اورڈبل روٹی کے ٹکڑوں پہ ڈالدیں۔ اب ان ٹکڑوں کو مدھم آنچ پر پانچ منٹ چولہے پر پکالیں اس دوران ٹکڑوں کو چمچ سے بالکل نہ ہلائیں جلائیں۔ تمام ٹکڑوں تک آنچ پہنچانے کے لئے ٹرے کو آگے پیچھے کر سکتے ہیں۔  خیال رکھئیے گا لگنے نہ پائے۔ اگر شیرہ کم ہو رہا ہو تو پہلے ہٹادیں۔ اب اس ٹرے کو اتار کر ایک جانب رکھ دیجئیے۔
ایک پیالی میں ایک تہائ کپ دودھ لیکر اس میں ایک کھانے کو چمچ کارن فلار اچھی طرح مکس کر لیں اور اسےپکے ہوئت دودھ میں ڈال دیں۔  اس دودھ میں تھوڑی سی زاعفران پیس کر اور چوتھائ چمچ چائے کی پسی ہوئ چھوٹی الائچی بھی ڈالدیں۔ انہیں پکا لیں جب یہ چیزیں پک کر یک جان ہو جائیں، اندازاً دو منٹ،  تو اتار لیں اس میں تھوڑا سا پستے اور بادام کی ھوائیاں بھی شامل کر لیں ۔ آدھا کپ فریش کریم بھی ملادیں اب اس آمیزے کو  شیرے میں ڈوبے ہوئے ٹکڑوں کے اوپر ڈال کر مزید پانچ منٹ کے لئیے چولہے پر ہر طرف سے پکا لیں۔ اس دوران چمچ مت لگائیے گا۔ اب ٹرے اتار کر تھوڑا ٹھنڈا ہونے دیں۔ اور اس پر پستے اور بادام کی ہوائیاں چھڑک دیں۔ اگر واقعی چاندی کا ورق مل رہا ہو تو لگا لیں۔ ہوائیوں کے ساتھ چند قطرے کیوڑے کے بھی ڈالدیں۔ فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر کے کھائیں سخت نہیں ہونگے۔ گرم بھی مزے کے لگیں گے۔ پکانے کے فوراً بعد کھانے کے بجائے تھوڑی دیر پڑے رہنے دیں تو یہ سیٹ ہوجائیں گے کسی چپٹے چمچ سے ایک ایک کر کے جس برتن میں چاہیں نکال لیں۔ شاہی ٹکڑے عام طور پر پھیلے ہوئے برتن میں پیش کئے جاتے ہیں۔ ہر ٹکڑے کو الگ الگ ترتیب سے رکھیں تو دیکھنے میں بھی اچھے لگیں گے اور اٹھانے والے کو بھی آسانی ہوگی۔

اسکے ساتھ ہی آپ سب کو عید مبارک ہو۔ خدا ہمیں اسکی برکتوں سے نوازے ۔

5 comments:

  1. آپکو بھی بہت بہت عید مبارک ہو اور آپکی دعاپر آمین

    ReplyDelete
  2. بی بی!
    آپکو اور آپکے اہل خانہ کو عید الفطر کی مبارک ہو۔

    ReplyDelete
  3. شگفتہ آداب بے حد آداب
    پھولوں کی مہک آبشاروں کا ترنم
    شباب کا امنگ کلیوں کا تبسم
    فضاوں میں رچی خوشبو جیسی
    سحر انگیز شگوفوں دل آویز نغموں جیسی
    بھر پور گنگناتے خیال میں
    خوش کن اداوں جیسی
    خوش ادا مچلتی گنگناتی ریشمی لہروں جیسی
    حسین یادوں کے جل تھل جیسی
    پر کشش عید آئی ہے
    اس دھنک رنگ موقع پر میری جانب سے
    عید مبارک

    ReplyDelete
  4. کامی لگتا ہے آپ نے عید کا میٹھا کھا کر یہ میٹھا نغماتی پیغام لکھا ہے۔
    اب آپ کے لئے ہم یہ کہتے ہیں کہ
    ڈبے میں ڈبہ، ڈبے میں کیک
    کنفیوز کامی، لاکھوں میں ایک
    عبداللہ، اور جاوید صاحب آپکا شکریہ۔

    ReplyDelete
  5. عنیقہ بہنا عید کی بہت مبارک آپ کو اور بالخصوص مشعل کو۔

    ReplyDelete

آپ اپنے تبصرے انگریزی میں بھی لکھ سکتے ہیں۔
جس طرح بلاگر کا تبصرہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اسی طرح تبصرہ نگار کا بھی بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اس لئے اپنے خیال کا اظہار کریں تاکہ ہم تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔
اطمینان رکھیں اگر آپکے تبصرے میں فحش الفاظ یعنی دیسی گالیاں استعمال نہیں کی گئ ہیں تو یہ تبصرہ ضرور شائع ہوگا۔ تبصرہ نہ آنے کی وجہ کوئ ٹیکنیکل خرابی ہوگی۔ وہی تبصرہ دوبارہ بھیجنے کی کوشش کریں۔
شکریہ