Wednesday, December 28, 2011

اچھی بلاگ پوسٹس

متھ کا سائینس اور شماریات سے کوئ تعلق نہیں۔  یہ خیالات کچھ مخصوص ماحول میں تقویت پا جاتے ہیں اور پھر انہیں پھاڑ کر ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔ اس لئے متھ بسٹر کی اصطلاح   گھڑنی پڑی۔
متھ کیا ہے؟ اسکی تعریف میں جائے بغیر ایک مثال دیتی ہوں۔ اگر کسی جوڑے کے یہاں لگاتار بیٹیاں ہوئے جا رہی ہیں اور انہیں یہ فکر ہے کہ بغیر وارث کے ہی اپنی سلطنت چھوڑنی پڑے گی تو آخری بچی کا نام بشری رکھ دیں۔ انشاءاللہ، اسکے بعد بیٹا ہوگا۔ ویسے یہ ایک متھ ہے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ بشری ون، بشری ٹو قسم  کے سیکوئیلز کے بعد بھی آپکا کام نہ بنے۔
بلاگنگ میں بھی اسی طرح کی بہت ساری متھس ہیں۔ بالخصوص اردو بلاگنگ میں۔ مثلاً اچھی پوسٹ وہ ہے جس پہ بہت سارے تبصرے ہوں۔ یا اچھی پوسٹ وہ ہے جسے بہت سارے لوگ ویو کرتے ہوں۔
اب ہم دیکھیں تو اس معیار پہ وہ تحاریر زیادہ آئیں گی جن میں ہمارے یہاں مذہب کے ایک خاص ورژن سے ہٹ کر لکھی جانے والی تحاریر پہ مخالفین نے مناظرہ کیا ہو۔ انسانی زندگی میں دلچسپی کے مقامات اس سے کہیں زیادہ ہیں۔ اس لئے ان تمام تحاریر کو اچھی بلاگ پوسٹ کے زمرے میں کیا اس لئے رکھا جائے کہ ان پہ تبصرے زیادہ ہیں یا انکو ایک مدت میں بار بار لوگوں نے دیکھا ہے۔ اس لئے میری نظر میں یہ رائے ایک متھ ہے۔
پھر اچھی بلاگ پوسٹ کیا ہوگی؟
اچھی بلاگ پوسٹ وہ ہونی چاہئیے جسے آپ بھول جائیں مگر اس پہ ویوز آتے رہیں۔ محض سال بھر بعد وہ ایک بچکانہ بات نہ لگے۔
میں کچھ پھولوں کے بیج کینیڈا سے لیکر آئ۔ یہاں زمین کے حوالے کرنے سے پہلے میں نے انکے بارے میں سرچ کرنا ضروری سمجھا۔ ایک کے بعد ایک جب انکے نام سرچ پہ ڈالے تو درجنوں بلاگز سامنے آگئے۔ یہ بلاگز سالوں پہلے لکھے گئے تھے۔ مگر آج بھی میں نے انہیں کھولا اورانہیں مددگار پایا۔ 
میں انہیں اچھے بلاگز سمجھتی ہوں۔ ایک دفعہ ان بلاگز پہ جانے کے بعد میں نے انہیں یاد رکھا کہ تاکہ مزید مدد کے لئے دوبارہ انہیں دیکھ سکوں۔ ان میں سے کچھ معلومات بہترین ثابت ہوئ اور اس طرح میرا ان پہ اعتماد قائم ہوا۔
اسی طرح بلاگ لکھنے کے لئے موضوعات کا انتخاب۔ اس سلسلے میں بیرون ملک ویب سائیٹس سے آپ جتنی چاہیں مدد لیں لیکن اگر آپ اپنے معاشرے میں صحیح سے جذب نہیں ہوئے تو بلاگ کا موضوع ہمیشہ ایک مسئلہ رہے گا۔ باہر دیکھنے سے پہلے اپنے آپ کو یعنی اپنے ماحول کو خوب اچھی طرح سمجھ لیں۔
آپ باہر سے وہ خیال لا کر یہاں نہیں بو سکتے ہیں جس کے لئے یہاں کا موسم سازگار نہیں۔ مثلاًبیوی کو خوش رکھنے کے دس مغربی طریقے یہاں نہیں چل سکتے جو مغرب میں زیر استعمال ہیں۔ یہاں کا شوہر اس بارے میں فکر مند نہیں ہوتا کہ کپڑے دھوتے وقت ہلکے اور گہرے رنگ کے کپڑے الگ الگ دھونا چاہئیں۔ اور بیگم صاحبہ ، میاں صاحب کا یہ سگھڑاپہ دیکھ کر خوشی سے کھل اٹھیں گی۔  یہ اسکا درد سر نہیں۔ اسے اپنے کپڑے صحیح جگہ اور مقام پہ چاہئیے ہوتے ہیں۔ اس لئے صابن کے اشتہاروں میں وہ بیویاں خوش ہوتی ہیں جنکے شوہر انکے دھلے ہوئے کپڑوں کی تعریف کرتے ہیں۔
اچھی تحریر کے لئے لوگوں سے ملیں جلیں، عوامی جگہوں پہ جائیں، ٹی وی کو وقت دیں مگر اسی طرح جیسے کسی کتاب کو پڑھتے وقت آپ اندازہ لگاتے ہیں کہ اسکا ہر حرف پڑھنا ہے یا بس سرسری سا۔ اخبار پڑھیں اور کتابیں ضرور۔
اپنے آپ سے ملاقات کیجئیے اور جانئیے کہ خود آپکی دلچسپی کس رخ میں ہے۔ یہ بالکل ضروری نہیں کہ چلو تم ادھر کو ہوا ہو جدھر کی۔ آپ اپنی دلچسپی کے میدان میں جادوئ صلاحیتیں رکھتے ہیں۔اور الگ سمت میں چل کر ہوا کو بھی اسی سمت میں چلنے پہ مجبور کر سکتے ہیں۔
چلیں پھر ہم کچھ بلاگنگ متھس کی فہرست بناتے ہیں۔
اچھی بلاگ پوسٹ، زیادہ تبصرے
اچھی بلاگ پوسٹ، زیادہ ویوز
اچھی بلاگ پوسٹ، جس سے زیادہ مبصرین متفق ہوں
اچھی بلاگ پوسٹ، جس میں کسی کی دل شکنی نہ ہو
اچھی بلاگ پوسٹ،  جو معاشرے کے رجحانات کے مطابق ہو
اور اگر کچھ آپکے ذہن میں ہو تو جمع کیجئیے۔

5 comments:

  1. اہم بات ہے۔۔
    اچھی بلاگ پوسٹ اگر زیادہ تبصروں والی پوسٹ ہوتی تو پھر طالبان، الطاف حسین اور قادیانی کا کی ورڈ ڈالیں اور پوسٹ اچھی ہوگئی۔ :)

    میرا اپنا خیال ہے کہ اچھی بلاگ پوسٹ وہ ہوتی ہے جو آپ کے دماغ کی بتی جلادے اور تبصرہ کرنے سے پہلے آپ کو کچھ سوچنے کو فراہم کرے۔ اور زیادہ تبصروں والی پوسٹ وہ ہوتی ہے جس کو پڑھ کر آدمی کا پہلا ریسپانس یہ ہوتا ہے کہ اس کی تو میں ابھی۔۔۔

    ReplyDelete
  2. ایک ایسی پوسٹ جسے آپ بھول جائیں مگر اس پہ ویوز آتے رہیں اور یہ بھی کہ محض سال بھر بعد وہ ایک بچکانہ بات نہ لگے۔۔۔بس یہی میرے خیال میں زبردست پیمانہ ہے ایک پوسٹ کی وقعت جانچنے کا۔ میرے خیال میں اچھی پوسٹ وہ ہے جو پڑھنے والے کو ویلیو ایڈیشن دے۔
    اور کسی بھی بلاگ کی سب سے جینوئین ٹریفک وہی ہے جو سرچ انجن سے آئے۔
    باقی یہ باکل ہی متھ ہے کہ اچھی پوسٹ وہ ہے جس پر تبصرے زیادہ ہوں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم کئی بار بہت سی اچھی پوسٹس پڑھتے ہیں لیکن تبصرہ نہیں لکھتے۔ وجہ سستی بھی ہو سکتی ہے یا کچھ بھی اور۔ اور پھر اردو میں تبصرہ لکھنا تو بہت سے قارئین کے لیے ویسے بھی مشکل ہو جاتا ہے تکنیکی قیود کی وجہ سے۔ دوسری طرف ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی پوسٹ پر تبصرے تو بہت ہوتے ہیں لیکن وہ سب اس وجہ سے نہیں ہوتے کہ تحریر اچھی ہے۔مثلا ان میں سے کچھ تو تبصرہ نگار کی بلاگر سے غیر مشروط وابستگی کی وجہ سے ہوتے ہیں یا بہت سے تبصرے ان لوگوں کے ہوتے ہیں جو صرف یہ چاہ رہے ہوتے ہیں کہ اپنے بلاگ کی مشہوری کے واسطے اپنا لنک چھوڑ دیں۔وغیرہ وغیرہ۔سو تبصروں کی تعداد کوئی پیمانہ نہیں تحریر کے اچھے پن کو جانچنے کا۔

    ReplyDelete
  3. بلاشبہ یہ ایک اچھی بلاگ پوسٹ ہے۔
    (: (:
    اب میں سوچ کر بتاتا ہوں کہ ایک اچھا بلاگ تبصرہ کیا ہوتا ہے۔
    (:

    ReplyDelete
  4. اپ کی بات سے متفق هوں
    اور ایسا هی لکھنا بھی چاهتا هوں
    لیکن
    اپنی اپنی کوالٹی کی بھی بات هوتی هے اور مجھ میں ابھی کوالٹی نهیں هے

    ReplyDelete
  5. اس کا تو مطلب ہوا کہ خاکسار نے آج تک ایک بھی اچھی بلاگ پوسٹ نہیں لکھا
    واہ جی واہ یہ کیا بات ہوئی کوئی ہمارا دل رکھنے کو ہی کہہ دیتی کی اچھے کا پیمانہ یہ ہے پر ویسے وہ بھی اچھی ہوتی ہیں جو آپ لکھ کر چھاپ دیتے ہیں۔
    ہمارا دل ہی رہ جاتا

    ReplyDelete

آپ اپنے تبصرے انگریزی میں بھی لکھ سکتے ہیں۔
جس طرح بلاگر کا تبصرہ نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں، اسی طرح تبصرہ نگار کا بھی بلاگر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اس لئے اپنے خیال کا اظہار کریں تاکہ ہم تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔
اطمینان رکھیں اگر آپکے تبصرے میں فحش الفاظ یعنی دیسی گالیاں استعمال نہیں کی گئ ہیں تو یہ تبصرہ ضرور شائع ہوگا۔ تبصرہ نہ آنے کی وجہ کوئ ٹیکنیکل خرابی ہوگی۔ وہی تبصرہ دوبارہ بھیجنے کی کوشش کریں۔
شکریہ